اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کا ڈرگ مافیا کے خلاف سخت گیر کریک ڈاؤن جاری

اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان نے جنوری کے مہینے میں 22 مختلف کاروائیوں میں مجموعی طور پر 4463.4 کلو گرام چرس، 370 کلوگرام افیون، 500 گرام ہیروئن، 168.70 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس)، 155 عدد ایکسٹیسی ٹیبلیٹس اور 824 لیٹر ہائڈروکلورک ایسڈ قبضے میں لے لیا اور 13 منشیات اسمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کا روائیوں میں منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 4 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کی یہ کاروائیاں بلوچستان کے مختلف علاقوں گڈانی، حب ، گوادر، نوکنڈی، چمن، کچلاک، جیونی ، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور تربت میں کی گئیں۔ برآمد کردہ منشیات کی مالیت 88 کروڑ روپے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکن ڈالرز میں 107 ملین ڈالر بنتی ہے۔ تمام مقدمات انسداد منشیات قانون کے تحت متعلقہ تھانوں میں درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے اور معاشرے کو منشیات سے پاک اور صحت مند بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان منشیات سے پاک پاکستان کی تشکیل کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس مشن کو جاری رکھے گی۔