بجلی کے بلوں میں اضافے کےخلاف مرکزی انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کا احتجاجی کیمپ اور دھرنا، اشرافیہ کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا مطالبہ

ڈیرہ اسماعیل خان : ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بجلی کے بلوں میں اضافے کےخلاف مرکزی انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کا احتجاجی کیمپ اور دھرنا، اشرافیہ اور سرکاری ملازمین سے فوری طور پر بجلی کی مفت فراہمی اور دیگر مراعات واپس لینے کا مطالبہ ، بصورت دیگر سول نافرمانی کی دھمکی ۔تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کی کال پر پاکستان بھر کی تاجر برداری کی طرح ڈیرہ کے جی پی او چوک پر بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز اور پیٹرول ، ڈیزل ،گیس و دیگر اشیاء خوردنی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف احتجاجی کیمپ اور دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی انجمن تاجران سہیل احمد اعظمی اور سرپرست اعلیٰ کفیل احمد نظامی نے کہا کہ حکومت وقت ، ارباب اختیار اور مقتدر قوتیں اپنی عیاشیوں اور مراعات میں آئے روز اضافہ اور غریب کا جینا دو بھر کر رہے ہیں ، اب پاکستان کی 15 کروڑ سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے آ چکی ہے ، لوگ اپنی گھریلو اشیاء فروخت کر کے بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں ، انہوں نے فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں پر بھاری ٹیکسوں کو واپس لینے اور اشرافیہ ، واپڈا کے ملازمین ، ججز اور جرنیلوں کو مفت بجلی کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ، بصورت دیگر پاکستان کے عوام اور تاجر برداری مل کر سول نافرمانی کی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔ احتجاجی کیمپ کے دوران تاجر اور شرکاء نے جی پی او چوک پر دھرنا بھی دیا اور بجلی و گیس کے بلوں کو نذر آتش کیا، احتجاجی مظاہرے میں کفیل احمد نظامی کی جانب سے شرکاء کیلئے کیمپ لگایا گیا تھا جبکہ گرمی کی وجہ سے تاجر برادری کیلئے ٹھنڈے پانی اور شربت کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، جبکہ انجمن تاجران شرقی سرکلر روڈ کے تاجر جلوس کی شکل میں مرکزی انجمن تاجران کے احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہوئے ۔