جنوبی خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے اور رجسٹرڈ ڈیجیٹل میڈیا نیوز پلیٹ فارم دامان ٹی وی کا ایک اور اعزاز

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے پہلے اور سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم Damaan TV کو گلوبل پروگرام، IPI لوکل نیوز ایکسلیریٹر پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایک انتہائی مسابقتی عمل تھا جس میں دنیا بھر کے 55 ممالک کی 148 درخواستوں میں سے صرف 12 ڈیجیٹل نیوز رومز کا انتخاب کیا گیا اور پاکستان سے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کا پہلا اور مقبول ترین رجسٹرڈ ڈیجیٹل میڈیا دامان ٹی وی اس پروگرام کا حصہ بننے میں کامیاب ہوا ہے۔
پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے سب سے بڑے الائنس ڈیجی میپ کا ممبر ڈیجیٹل میڈیا دامان ٹی وی دنیا بھر کے 55 ممالک میں سے پاکستان کا واحد ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو اس ایکسلیریٹر پروگرام میں کامیاب ہونے والے 12 نیوز رومز میں شامل ہے۔ تین ماہ پر مشتمل یہ لوکل نیوز ایکسلیریٹر پروگرام ممبرز نیوز آرگنائزیشنز کی استعداد کار اور سامعین کی تعداد کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیموں کو بااختیار بنانے سمیت مختلف مہارتوں سے آراستہ کرے گا۔ اس پروگرام میں IPI ڈیجیٹل میڈیا آرگنائزیشنز کو متعلقہ مواد کی تخلیق اور بزنس کو استحکام دینے میں تعاون بھی فراہم کرے گا۔
دامان ٹی وی کی ٹیم کی انتھک محنت اور پیشہ وارانہ قابلیت کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے جس میں دامان ٹی وی کے ساتھ پچھلے سات سال سے جڑے ہوئے ناظرین اور قارئین کے اعتماد ان کی نیک خواہشات اور دعائیں شامل حال رہی ہیں۔
انشاء اللہ صحافت کے اعلی معیارات اور رہنما اصولوں کے تحت دامان ٹی وی اپنے مشن پر کاربند رہتے ہوئے کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گا۔