جنوبی وزیرستان ڈی سی کمپاونڈ ٹانک میں محسود قبائل کا گرینڈ جرگہ ,محسود قوم کیلئے علیحدہ ضلع جس کا ہیڈ کوارٹر سپینکئی راغزئی پر بنانے اور محسود قوم کے حدود پر جاری تنازعے کو کمیشن اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر محسود قوم کے جرگے نے اتفاق کیا۔
ڈی سی کمپاونڈ ٹانک میں محسود قوم کے گرینڈ جرگے میں قبائلی عمائدین، ریٹائرڈ سول و ملٹری بیوروکریٹس نے جرگے میں شرکت کی۔ جرگے کہ شرکاء کا کہنا تھا کہ آپریشن راہ نجات کے دوران محسود قوم نے ملکی بقاء اور سالمیت کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، مگر محسود قوم اج تک مسائل سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ قوم کو درپیش مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرے۔ جرگے میں محسود قوم کیلئے علیحدہ ضلع جسکا ہیڈ کوارٹر سپینکئی راغزئی پر بنانے اور محسود قوم کے حدود پر جاری تنازعے کو کمیشن اور مذاکرات کے ذریعے سے حل کرنے پر محسود قوم کے عمائدین اور محسود افسران کی نمائندہ تنظیم نے اتفاق کیا۔ جرگہ کے شرکاء نے کہا کہ محسود امن پسند قوم ہے جو مسائل کو مذاکرات اور علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ جرگے نے فیصلہ کیا کہ قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بہت جلد قوم کے عمائدین، ریٹائرڈ سول و ملٹری بیوروکریٹس اعلی حکام جن میں وزیراعظم پاکستان، وزیر اعلی خیبر پختونخوا، چیف آف آرمی سٹاف، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی (ساوتھ) شامل ہیں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس قومی جرگے میں محسود آفیسرز فورم کے چیئرمین (ر) کرنل یعقوب محسود، ماوا کے چیئرمین رحمت خان محسود سمیت ملک مسعود خان، ملک سیدرام خان، ملک راپا خان، ملک پیر منہاج خان، ملک نور خان، ملک حاجی محمد، ملک پیر محمد، ملک محمد اقبال، ملک حبیب خان، ملک فضل رحمن و دیگر نے محسود قوم کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔