خیبر پختونخوا سرکاری گودام سے گندم کی چار ہزار بوریاں غائب، مبینہ طور پر اعلی افسران ملوث

ڈیرہ اسماعیل خان : محکمہ خوراک ڈیرہ اسماعیل خان میں گھپلے، گندم کے ٹیکن گودام سے کروڑوں روپے مالیت کی 4 ہزار گندم کی بوریاں مبینہ طور پر غائب، محکمہ خوراک ڈیرہ کے ذمہ داران کی جانب سے چند روز قبل تبدیل ہوکر ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے نئے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر فخر زمان محسود کو گندم کے ٹیکن گودام کا چارج دینے میں لیت و لعل ، مبینہ کرپشن چھپانے کیلئے پشاور میں محکمہ خوراک کے اعلیٰ آفیسر کی مدد سے معاملات حل کرنے کیلئے بھاگ دوڑ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک ڈیرہ اسماعیل خان کے ذمہ دار ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ خوراک ڈیرہ کے گندم کے ٹیکن گودام سے دو ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر افسران کے ادوار میں محکمہ خوراک کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے مالیت کی 4 ہزار گندم کی بوریاں مبینہ طور غائب کر دی گئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل تبدیل ہو کر ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے نئے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر فخر زمان محسود کو محکمہ کے مقامی ذمہ داران کی جانب سے کرپشن پر پردہ ڈالنے اور ریکارڈ میں ہیر پھیر کیلئے ٹیکن گودام کا چارج دینے میں حیل و حجت سے کام لیا جارہا ہے۔ دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ مبینہ کرپشن میں ملوث محکمہ خوراک ڈیرہ اسماعیل خان کے سابق افسران کی جانب سے اپنے دامن پر لگے کرپشن کے داغ دھونے کیلئے پشاور میں محکمہ خوراک کے اعلیٰ آفیسر کی مدد سے معاملات حل کرنے اور 50/50 لاکھ روپے کی رقم جمع کرانے کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم محکمانہ حکام سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ خوراک کے مقامی افسران سے سے مبینہ کرپشن اور معاملات کے حل کی لئے صوبائی حکام کی مداخلت کے حوالے سے تصدیق کیلئے میڈیا کی جانب سے رابطوں کی بارہا کوششوں کے باوجود ان الزامات کی تصدیق یا تردید کا موقف سامنے نہیں آ سکا۔