صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ کی جانب سے زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے 40 کروڑ روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے جس کا باقاعدہ اعلان فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ نمبر
BO-VII/FD/1-2/2021-22/Agriculture
میں کیا گیا ہے۔ اس رقم کے اجراء سے جہاں یونیورسٹی کے مالی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی، وہیں یہ رقم یونیورسٹی میں نئے منصوبوں کو بہتر طور پر آگے بڑھانے میں بھی معاون ثابت گی۔
اس حوالے سے جب زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہی بابر (تمغہ امتیاز) سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ زرعی یونیورسٹی نے ہمیشہ سے طلبہ کو بہترین تعلیم مہیا کرنے کو ہی اپنی ترجیحات میں رکھا ہے اور اس رقم سے مزید لیبارٹریوں اور تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی سے معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، ارشد جمیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ فنڈز کے آجانے سے یونیورسٹی کو طلباء میں جدید تحقیق کے کام کو فروغ دینے کا موقع ملے گا جس سے یہاں کے علاقے کے لوگ مستفید ہوں گے اور معیشت مزید بہتر ہوگی۔ یاد رہے کہ 2018 سے قائم شدہ زرعی یونیورسٹی ابھی تک بغیر کسی حکومتی امداد کے اپنی مدد آپ کے تحت تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھی، ایسے میں اس رقم کا اجراء ڈیرہ اسماعیل خان کے باسیوں کے لئے کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں ہے۔
صوبائی حکومت کے اس اقدام کو ڈیرہ کے سماجی او علم دوست حلقوں میں کافی سراہا جارہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہی بابر اور ان کی تمام ٹیم اس کامیابی پر مبارک باد کی مستحق ہے۔