سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو دو بجے طلب کرلیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کے خلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کرے گا ان کے ساتھ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ کا حصہ ہوں گے اور سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کا عملہ چھٹی کے روز دفتر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی درخواست فکسنگ کے مراحل میں ہے جس پر سماعت کا آج امکان ہے اور اس کے لیے تحریک انصاف کی لیگل ٹیم بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئی ہے۔
سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس ،امتیاز صدیقی سمیت دیگر وکلا بھی عدالت پہنچ گئے ہیں۔
پرویز الہٰی اور بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں جبکہ تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے بذریعہ ویڈیولنک سماعت کی درخواست بھی دے دی ہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ پرویز الہی نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو چیلنج کیا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ ویڈیو لنک سہولت پرنسپل اسلام آباد پر بھی فراہم کی جائے جس کے لیےفیصل چوہدری نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو تحریری درخواست جمع کرادی ہے۔