فائرنگ کے دو واقعات میں دو افراد قتل، عدالت سے واپس جانے والا میانوالی کا رہائشی قتل

ڈیرہ اسماعیل خان: فائرنگ کے دو واقعات میں دو افراد قتل، کوٹلی امام حسین کے قریب عدالت سے پیشی کے بعد وآپس جانے والے چالیس سالہ نوجوان کو قتل کردیاگیا ،سدرہ شریف میں بیٹھک کے اندر سویا ہوا نوجوان فائرنگ سے قتل۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود ڈیرہ بنوں روڈ پر کوٹلی امام حسین کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے چالیس سالہ محمد رفیق ولد محمد اسماعیل سکنہ خانی خیل عیسی خیل میانوالی کو قتل کرکے فرار ہوئے گئے ، ذرائع کے مطابق نوجوان نے کچھ عرصہ قبل لڑکی کو گھر سے بھگا کر پسند کی شادی کی تھی اور ڈیرہ عدالت میں پیشی کے بعد وآپس جارہا تھا ،کینٹ پولیس نے ملزمان کیخلاف اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔قتل کے دوسرے واقعہ میں تھانہ یارک کی حدودسدرہ شریف میں نامعلوم ملزمان نے بیٹھک کے اندر داخل ہوکر وہاں سوئے ہوئے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ مقتول کے ساتھ سویا شخص واردات سے لاعلم رہا۔ تھانہ یارک میں سدرہ شریف کے رہائشی پیر غلام ولد اللہ ڈیوایا نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ اس کا بھتیجا 26سالہ قمر زمان ولد خضر حیات سکنہ سدرہ شریف اپنے مہمان عدیل سکنہ بڈھان کے ہمراہ سلیمان کی بیٹھک میں سویا ہوا تھا کہ صبح سویرے جب اس کو جگانے کیلئے گیا تو اسے فائرنگ سے قتل شدہ پایا۔ ساتھ سوئے ہوئے مہمان کو جگا کر معلومات کیں تو اس نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ تھانہ یارک پولیس نے مقتول کے چچا کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔