ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے دوران فوج تعینات کرنے کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے محرم الحرام کی آمد اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کے پیش نظر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق یکم سے 13 محرم الحرام تک چاروں صوبوں سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ماہ محرم کے ابتدائی 13 ایام کے دوران فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے سول انتظامیہ کی مدد کریں گے۔ ڈیرہ پولیس کی جانب سے جاری سیکورٹی پلان کے مطابق تمام جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔کسی بھی شخص کو چھت پر جانے کی اجازت نہ ہو گی،تمام جلوسوں کو سیکورٹی 3 لئیرز میں فراہم کی جائے گی۔ ایسے علماء کرام جن کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے ان پر کڑی نظر رکھی جائے اور انتظامیہ سے سرٹیفکیٹ لیا جائے گا کہ ایسے افراد مجالس میں شرکت نہیں کریں گے، روایتی مجالس و جلوسوں کے علاوہ کسی بھی مجلس یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس کے ساتھ رضا کار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور ان کو سپیشل کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ کسی بھی علاقہ میں وال چاکنگ پر دفعہ 144 کے تحت پابندیلگا دی گئی ہے ،مجالس اور جلوس کے آغاز اور اختتام میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا،جلوسوں اور مجالس کے دوران امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے گا،جلوس اور مجالس کے راستوں یا اردگرد کسی غیر متعلقہ فرد یا گاڑی کی موجودگی پر پابندی ہو گی۔جلوس کے راستے میں آنے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں اور گلیوں کو بند کیا جائے گا. جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی سپیشل چیکنگ کی جائے گی، جلوس کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکواڈ کلیئر کریں گے۔اسی طرح تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ڈیرہ شہر کو بالخصوص جلوس ہائے کے مقرر روٹس مکمل سیل کر دیئے جائیں گے۔مقامی و غیر مقامی افراد کو مکمل تلاشی کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔جلوس میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔امام بارگاہوں کے اردگرد پارکنگ 300 میٹر دور بنائی جائے گی۔مجلس اور جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کو جامہ تلاشی کے بعد جلوس اور مجالس میں شرکت کی اجازت ہو گی اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔جلوس کے راستے میں زیر تعمیر عمارتوں پر خصوصی نظر رکھی جائیگی ،تمام جلوسوں اور مجالس کے آرگنائزر اپنے رضا کار جن میں مرد و خواتین تلاشی لینے کے لئے تعینات کریں گے۔ محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور اس سے پہلے ضلع بھر میں سرچ آپریشن شروع کئے جائیں گے۔