ٹماٹر 120 روپے کلو سے تجاوز کرگئے ،مرغی 280 روپے فی کلوگرام فروخت کی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان : محرم الحرام کے دوران مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ، ٹماٹر 120 روپے کلو سے تجاوز کرگئے ،مرغی 280 روپے فی کلوگرام فروخت کی گئی ،ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور اس کے مضافات میں ایام محرم الحرام کے دوران عاشورہ کے موقع پر مہنگائی کا طوفان برپا ہوگیا جس کے نتیجے میں سبزی ،فروٹ کے علاوہ دیگر اشیاءخوردونوش انتہائی مہنگے ہوگئے ۔ٹماٹر 120 روپے فی کلو جبکہ مرغی 280 روپے فی کلو میں فروخت کی گئی ،اسی طرح پیاز ، لہسن ، ادرک ،آٹا گھی ، چینی ، چاول ،آلو بخارہ ، سیب ، انگور ، انار ، دہی دودھ سمیت دیگر اشیاءکا محرم الحرام کے دوران ناجائز فائدہ اٹھا کر من مانے ریٹ مقرر کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ۔ شہر میں ہوشربا مہنگا ئی نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کررکھ دی جس سے ان کی قوت خرید جواب دے گئی اور وہ محرم الحرام کے بابرکت ایام میں کوئی خیرات وغیر ہ کا اہتمام نہ کرسکے ۔ضلع انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے بھی اس سلسلے میں کوئی کاروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی اور عوام کو گرانفروشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے۔شہریوں نے ارباب اختیار سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے سمیت گرانفرشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔