پروانشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) کے زیر اہتمام ملکی و بین والااقوامی این جی اوز کے ساتھ ضم اضلاع بالخصوص ضلع خیبر کے متاثرین کی فوری امداد کیلئے ڈونر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں 70 سے زائد بین الااقوامی اور مقامی این جی او ز اور خیراتی اداروں کے علاوہ اقوام متحدہ کے خیراتی اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی ۔ کانفرنس کا انعقاد پی ڈی ایم اے کے اڈیٹوریم میں کیا گیا تھا جس کی صدارت پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل شریف حسین کر رہے تھے جبکہ کانفرنس میں ٹی ڈی پی سیکرٹریٹ کی جانب سے پاک فوج کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں موجود تمام اداروں کے سربراہان اور نمائندوں کو ضم اضلاع میں تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچراور دیگر ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع بالخصوص ضلع خیبر کے علاقہ تیراہ راجگل کو فیز ون میں 15 ہزار 6 سو کے قریب خاندانوں کو واپس کیا جا چکا ہے جبکہ مارچ 2023 سے اکتوبر 2023 تک مزید 15 ہزار 700 کے قریب خاندانوں کو واپس کرانے کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر غذائی ، غیر غذائی مواد ، تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے جس کیلئے ایک طرف تو پی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت بھرپور کام کر رہی ہے جبکہ ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور ملکی خیراتی اداروں کو بھی اگے اکر ان بے گھر متاثرین کی فوری ضروریات کی فراہمی میں پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔ کانفرنس کے شرکاء کو ضم اضلاع میں حکومت کی طرف سے جاری منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کے بعد کانفرنس میں شریک مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ضم اضلاع بالخصوص ضلع خیبر کے واپس جانے والے متاثرین کے ساتھ بھرپور مالی اور مادی تعاون کا یقین دلایا ۔ قومی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور سربراہان نے پی ڈی ایم اے کے مذکورہ اقدام کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ سابقہ فاٹا کے متاثرین کی ابادکاری اور ان کے علاقوں میں فوری ضرورت کے تمام منصوبوں میں وہ پی ڈی ایم اے کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں اور بہت جلد اس حوالے مزید پیش رفت سے پی ڈی ایم اے کو اگاہ کیا جائے گا ۔ کانفرنس کے اخر میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔