ڈیرہ اسماعیل خان: عام لوگوں کو دلچسپ تفریحی ماحول کی فراہمی اورمقابلے کے رجحان کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب اور حوصلہ افزائی کے سلسلے میں ڈیرہ جات میلے کے انعقاد کے انتظامات کو ختمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ میلے کے دوران کسی بھی قسم کی کمی یا بد نظمی سے بچا جا سکے اور حکومت عام لوگوں کو پرُ امن ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پورا نداز میں مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈیرہ یحیی اخونزادہ نے ڈیرہ جات میلے کے انعقادکے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات تقریبا ختمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ادارے اپنے اپنے فرائض کی ادائیگیوں میں مصروف عمل ہیں۔اجلاس میں محکمہ پولیس، سی اینڈ ڈبلیو افسران، محکمہ صحت، تحصیل میونسپل آفیسران، جنگلات، سول ڈیفنس، لائیو سٹاک، ریجنل سپورٹس آفیسر، ڈبلیو ایس ایس سی، لوکل گورنمنٹ، لوکل جیپ کلب کے نمائندوں، ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی آفیسر کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ڈیرہ جات میلے کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں کیونکہ اس میلے پر پورے ملک کی نظر ہونے کے ساتھ ساتھ لوگ انتہائی پرُ جوش ہیں جس کیلئے مناسب اقدامات بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے امن وامان کے حوالے سے کہا کہ ڈیرہ ڈویژن میں حالات مجموعی طور پر بہت اچھے ہیں تاہم بین الاقوامی سطح پرپاکستان کی سیاست اور مثبت کر دار کی وجہ سے دشمن ممالک
ملک میں بدامنی اور افراتفری کو پروان چڑھانے کے لئے کسی بھی حد تک گرِ سکتے ہیں اور امن کو سپوتاژ کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر سکتے ہیں جس کیلئے تمام سیکورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں اور عوام کے تحفظ کی خاطر اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے بے تاب ہیں تاہم پرُ امن تفریحی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام اس ضمن مطمئن ہو کر ڈیرہ میلہ جات سے لطف اندوز ہوں۔
#derajat2021