ڈیرہ اسماعیل خان: ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ کی زیر صدارت ای پی آئی ویئر ہاؤس میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد


اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نور عالم محسود، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رحیم خٹک، سیکرٹری ٹو کمشنر نعمت اللہ، اسسٹنٹ کمشنرز، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ، پولیو ایریڈیکیشن آفیسرز، ای پی آئی کوارڈینیٹر، ایل ایچ ڈبلیو کوارڈینیٹر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیونکیشن سپورٹ آفیسر، محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے بتایا کہ مہم کے پہلے روز ٹیموں کی ڈپلائمنٹ 100فیصد رہی۔ سیکورٹی ڈپلائمنٹ 84فیصد رہی جبکہ دوسرے روز کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے 100فیصد ڈپلائمنٹ کی یقین دہانی کرائی گئی۔مہم کے پہلے روز ایک لاکھ 5ہزار326بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ پہلے روز89فیصد اہداف حاصل کیے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عارف اللہ نے کہا کہ تمام پولیو ورکرز جو کہ فرنٹ لائن پر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں انکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ کسی جہاد سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں انسداد پولیو کیلئے گزشتہ چند مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ اسی جذبے اور لگن سے خدمات کی بجا آوری کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنی متعلقہ تحصیلوں میں کم سے کم دو یونین کونسلز کا دورہ کریں اور مارکنگ، کوریج، پلان اور کارکردگی وغیرہ کا جائزہ لیں تاکہ خامیوں کا موقع پر ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیموں بالخصوص محکمہ پولیس کے اہلکاروں کو ماسک اور سینیٹائزرز فراہم کیے جائیں تاکہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک معاشرہ فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔