ڈیرہ اسماعیل خان : کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر الاسلام خٹک نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف اور بقایاجات کی وصولی کے حوالے سے چلائی جانے والی مہم کے دوران پہلے مرحلے میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے چار فیڈرز سٹی ون ، ٹائون ہال ، توپانوالہ اور صدر فیڈرز میں کام مکمل ہونے کے بعد ہم نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم خیبر پختونخوا کو ان چاروں فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری قرار دینے کیلئے باقائدہ لیٹر لکھ دیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اس حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ کرینگے، انشاء اللہ ایک ہفتہ میں ان چار فیڈرز کو پہلے مرحلے میں لوڈشیڈنگ فری کر دیا جائیگا، 8فروری 2024کے انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے ڈیرہ ڈویژن کے چاروں اضلاع کے آر اوز اور اے آر اوز کی ٹریننگ مکمل کرلی گئی ہے ، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوچکے ہیں ، امیدواروں کی سکروٹنی بھی ہوچکی ہے، پولنگ اسٹیشنز اور امیدواروں کی حفاظت اور سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنایاجائیگا ، ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈویژن میں آٹھ جنوری سے 12جنوری2024کے دوران پہلے مرحلے میں ڈیرہ اسماعیل خان ضلع اور ٹانک ضلع جبکہ 15جنوری سے 19جنوری 2024کے دوران دوسرے مرحلے میں جنوبی وزیرستان کے اپر ضلع اور لوئر ضلع میں پولیو مہم چلائی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے رورل ڈویژن اور سٹی ڈویژن کے مزید چار فیڈرز پر بھی دوسرے مرحلے کے دوران لوڈشیڈنگ فری کرنے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے، ماہ جنوری 2024کے دوران کام مکمل ہونے کے بعد ان دیگر چار فیڈرز سٹی ٹو ، مسلم بازار ،سی آر بی سی اور کینٹ ٹو فیڈرز کو بھی لوڈشیڈنگ فری کردیا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈیژن میں حساس ترین ، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنز کا تعین کر لیا گیا ہے، جہاں پر سیکورٹی کے انتظامات کئے جائینگے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان یں سیکورٹی کیلئے اضافی نفری طلب کی گئی ہے کیونکہ خیبرپختونخواہ کے دیگر اضلاع کی نسبت ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کے خدشات کے پیش نظر ہمیں سیکورٹی کی زیادہ ضرورت ہے، انشاء اللہ امیدواروں ،پولنگ عملہ اور پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کو فل پروف بنایا جائیگا۔