اسلام آباد:ملک بھر میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد وزیراعظم عمران خان نے 24 اضلاع میں خصوصی اقدامات کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر اضلاع میں پنجاب کے 15، خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع شامل ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں ہرقسم کی ان ڈور آوٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
این سی او سی کے مطابق متاثرہ 24 اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تعلیمی ادارے اور ان ڈور جم پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں پابندیاں 4 سے12ستمبر تک نافذ کی گئی ہیں۔
پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالا، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، ملتان، بہاولپور، خانیوال، رحیم یار خان شامل ہیں۔
این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع میں پشاور،صوابی،مالاکنڈ،سوات، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) شامل ہیں۔
اس سے قبل کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پنجاب میں 6 سے 11 ستمبر تک تمام سرکاری و نجی سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔