پاکستان سے بذریعہ سڑک امدادی سامان افغانستان لے جانے والی گاڑی سے پاکستانی جھنڈا اتارنے والے فرد کو غیر مسلح کر کے اس کی گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔
منگل کے روز ٹوئٹر ٹائم لائنز پر زیرگردش ویڈیوز میں امدادی سامان پاکستان سے افغانستان لے جاتے ہوئے ایک ٹرک سے پاکستانی جھنڈا اتارتے ہوئے دکھایا گیا تھا
ویڈیو شیئر کرنے والوں کا دعویٰ تھا کہ یہ واقعہ پاک افغان سرحدی مقام طورخم عبور کر کے پڑوسی ملک امدادی سامان لے جانے والی گاڑی کے ساتھ پیش آیا تھا۔
پاکستانی جھنڈے سے متعلق ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے افراد نے معاملے پر افسوس کا اظہار کیا۔ سوشل ٹائم لائنز پر ابھی یہ گفتگو جاری تھی کہ پاکستانی صحافی طاہر خان نے طالبان کے نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کے ایک آڈیو میسیج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’جس نے طورخم پر پاکستانی امدادی سامان کی گاڑی سے پاکستانی قومی پرچم اتار کر اس کی بے حرمتی کی ہے ان کی گرفتاری اور غیر مسلح کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
طالبان رہنما کے مطابق ” اس واقعہ پر ہمیں بڑا دکھ ہوا ہے۔ تمام رہنماؤں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے، آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جائے گی۔”
کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں میں غذائی اشیا بھی شامل تھیں جنہیں ننگرہار میں متعلقہ افراد نے وصول کیا ہے۔