اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک اور پیپلز پارٹی کی راہنما روبینہ خالد سے الگ الگ ملاقاتیں

پشاور : اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک اور پیپلز پارٹی کی راہنما روبینہ خالد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ایسوسی ایشن کے صدر امین خان نے ڈائریکٹوریٹ افسران اور دیگر کیڈرز کے افسران کی تنخواہوں میں تفریق کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ان کے ہمراہ جنرل سیکرٹری خواتین ونگ ثمینہ غنی، چیف کوارڈینٹر صوفیان حقانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ بجٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ کے 17 گریڈ آفیسر کی تنخواہ 60 ہزار جبکہ دیگر کیڈرز کے افیسرز کی تنخواہ ایک لاکھ 20 ہزار ہے اس موقع پر ممبر اسمبلی سردار حسین بابک نے افسران کی تنخواہوں میں فرق پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سمجھ سے بالاتر قرار دیا انہوں نے کہا کہ جب گریڈ ایک ہے تو تنخواہ میں تفاوت کیوں ہے اس حوالے سے اٹیچڈ افسران کی تنخواہوں میں موجود تفاوت ختم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ اور اسمبلی فلور پر آواز اٹھاوں گا، دوسری جانب سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام آفیسرز کی بلا تفریق یکساں تنخواہیں ہونی چاہئے اور تنخواہوں میں تفاوت ختم کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سے بات کروں گا، اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کی بدولت حکومتی پالیسیوں کا نفاذ ممکن ہے،افسران کا مطالبہ جائز ہے جس کے حل کے لیے صوبائی حکومت ضرور اقدامات کرے گی واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ سے اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے آفیسرز دفاتر کی تالہ بندی سمیت قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ دیگر کیڈرز کے افسران اور اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے آفیسرز کی تنخواہوں میں موجود تفریق کو ختم کرتے ہوئے یکساں تنخواہیں جاری کی جائیں۔