تھانہ یارک کی حدود میں پولیو ڈیوٹی کے لیے جانے والے پولیس اہلکار پر فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ یارک کی حدود سدرہ موڑ کے قریب پولیو ڈیوٹی کیلئے جانیوالے پولیس کانسٹیبل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، کانسٹیبل منصور احمد فائرنگ سے زخمی، سول ہسپتال ڈیرہ منتقل، ضلعی پولیس سربراہ کی زخمی پولیس اہلکار کی عیادت، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یارک کی حدود سدرہ شریف موڑ پر داخلی موضع تالگی روڈی خیل تحصیل پہاڑپور کے قریب کانسٹیبل منصور احمد پراس وقت نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی جب وہ صبح سویرے اپنے گھر سے پولیو ڈیوٹی کیلئے گائوں کوٹلہ لودھیان جارہا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل منصور احمدگولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر طبی امداد فراہمی کیلئے سول ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا۔ دریں اثناء ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت نے زخمی کانسٹبل منصور احمد کی ہسپتال میں عیادت کی اور مقامی پولیس کو ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کیں۔