حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے اٹھارہ ستمبر تک بند رہیں گے، توسیع کا فیصلہ کورونا کی صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے باعث کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور چیئرمین این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی صورتحال اور کیسز کی شرح اور ایس اوپیز پر عملدرآمد سمیت ویکسی نیشن سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں این سی اوسی نے کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ27 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے بند رہیں گے،توسیع کا فیصلہ کورونا کی صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے باعث کیا گیا۔
اس سے قبل 29 اگست کو کورونا پابندیوں کا دائرہ 13اضلاع سے بڑھا کر 27 اضلاع تک کیا گیا تھا اور پابندیوں کا اطلاق 4 سے 12 ستمبر تک کیا گیا تھا۔
اب ملک بھر کے 27 اضلاع میں کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے باعث ستائیس اضلاع میں تعلیمی ادارے 18ستمبر تک بند رہیں گے، اسلام آباد، پنجاب کے 11اضلاع، خیبرپختونخواہ کے 9، سندھ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دو، دواضلاع شامل ہیں۔