حکومتی نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کا اقدام

حکومت خیبر پختونخوا نے پیپر لیس گورننس سسٹم پر کام تیز کر دیا ہے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبر پختونخوا میں حکومتی نظام کو ڈیجیٹائز کرنے اور پیپر لیس بنانے پر اجلاس کا انعقاد ہوا- اجلاس میں صوبائی وزیر برائے خوراک و سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان، وزیر صحت وخزانہ تیمور جھگڑا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے شرکت کی- اجلاس کو بتایا گیا کہ 32 سرکاری محکموں کے 170 ذیلی امور اور طریقہ کار کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا- اجلاس میں وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی جو اس تمام عمل کی نگرانی کرے گی- سسٹم کے تحت فائلز، نوٹیفکیشن، خط وکتابت سمیت دیگر امور کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا-
پیپر لیس گورننس سسٹم اور سرکاری محکموں کی ڈیجٹائزیشن سے عوامی فلاح و بہبود کے کام تیزی سے انجام پاسکیں گے اور حکومتی امور میں شفافیت بڑھے گی- اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کیلئے سرکاری محکموں کی ضروریات کو جانچنے کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ سافٹ ویئر کے حصول کا عمل بھی جلد مکمل ہوجائے گا- حکومتی نظام کے ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے نہ صرف سرکاری حکام کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوامی مفاد عامہ کے کام بھی تیزی سے ہو سکیں گے۔