خیبرپختونخوا میں سیلاب سے تباہی، صوبائی حکومت کی وفاق سے مدد کی اپیل

پشاور : خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کام جاری ہیں، تاہم صوبائی حکومت نے وفاق سے ہنگامی امداد کی اپیل کی ہے تاکہ متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، مگر موجودہ صورتحال ایک قومی سانحہ بن چکی ہے، جس میں وفاقی حکومت کو آگے بڑھ کر عملی مدد فراہم کرنی چاہیے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق پاک فوج کی معاونت سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں کھولنے، راستے بنانے اور پلوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔ فوج کے جوان پہاڑی علاقوں میں ریسکیو مشن پر مامور ہیں جبکہ پانچ ہیلی کاپٹرز بھی صوبائی حکومت کے حوالے کیے گئے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت کے وقت کسی قسم کی سیاست نہیں کی گئی، اور نہ ہی کی جائے گی۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اختلافات کا نہیں بلکہ متاثرہ انسانیت کی مدد کا ہے۔ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہو۔
دوسری جانب ڈی جی ریسکیو کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 60 خصوصی ریسکیو سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ صرف تین دنوں میں 5210 افراد کو کامیابی سے بچایا گیا ہے۔ امدادی کاموں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایلیٹ ریسکیو یونٹ تشکیل دے کر بونیر روانہ کر دیا گیا ہے، جو بیک اپ یونٹ کے طور پر خدمات انجام دے گا۔