سی آر بی سی نہر کی تعمیر و بحالی کا کام جاری، کاشتکاروں کے تحفظات

ڈیرہ اسماعیل خان: اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور ڈاکٹر حامد نے ایکسین سی آر بی سی کے ہمراہ کچھی کاٹھگڑھ کے مقام پر سی آر بی سی نہر میں پڑنے والے شگاف کی جگہ کا اچانک دورہ کیا جہاں تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ ساتھ معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ انجینئرز کو بھی ہمراہ لے کر گئے تاکہ کام کے معیار کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔ تھرڈ پارٹی مانیٹرز نے موقع پر کام کا معائنہ کیا اور معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنے مشاہدات شیئر کیے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے ایکسین سی آر بی سی کو فوری عمل درآمد کرتے ہوئے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت جاری کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے سی آر بی سی کے تمام عملے کو ہدایت کی کہ آئندہ چند دنوں کے اندر مرمتی کام مکمل کر کے نہر کو بحال کیا جائے تاکہ علاقے کے زمینداروں کو آبپاشی کے حوالے سے درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہو اور فصلوں کے ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔مزید برآں محکمہ ایریگیشن کا عملہ بھی موقع پر سی آر بی سی ٹیم کی معاونت کے لیے موجود ہے جبکہ تقریبا 30 سے 40 بیلدار مرمتی کام میں مصروف ہیں۔ انشا اللہ بہت جلد سی آر بی سی نہر کا شگاف مکمل مرمت کے بعد دوبارہ بحال کر کے پانی کی روانی شروع کر دی جائے گی۔ یاد رہے پانچ روز قبل کچھی کاٹھگڑھ میں سی آر بی سی نہر میں شگاف پڑنے سے نہر کا پانی قریبی دیہات میں جمع ہونے سے دس سے بارہ گائوں میں زیر کاشت رقبہ اور سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا۔ انتظامیہ نے مضافات کے سکولوں اور ڈگری کالج پہاڑ پور میں متاثرین اور ان کے مویشیوں کو منتقل کر دیا ہے تاہم گندم اور چارے کے کاشتکاروں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نہر کی جلد اور مناسب بحالی کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ نہر کی بندش سے ساڑھے تین لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ پر کھڑی فصلوں فصلوں کی عدم سیرابی سے نقصانات کا خطرہ لاحق ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں