برطانیہ میں مقیم نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے عصر ملک نامی پاکستانی نوجوان سے نکاح کرلیا ہے۔
منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری کردہ تصاویر میں ملالہ یوسفزئی نکاح کے دوران اور اس کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہیں۔
ٹویٹر پر اپنے نکاح کی خبر شیئر کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے لکھا کہ ’آج میری زندگی کا ایک اہم دن ہے۔ عصر اور میں زندگی کے ساتھی بن گئے ہیں۔ ہم نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ برمنگھم میں نکاح کی تقریب منعقد کی۔
’مستقبل کا سفر اکٹھے طے کرنے‘ کی امید اور اس کے حوالے سے اپنے جذبات کا اطہار کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے اپنے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
ملالہ کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ میں جنرل مینیجر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے عہدے پر کام کرتے ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کی جانب سے نکاح کی خبر شیئر کرنے پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور خوشیوں بھرے مستقبل کی دعا کی۔