وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی منامہ میں بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد بن عبد اللہ الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور سیکورٹی و دفاعی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بحرینی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ کو بحرین آمد پر خوش آمدید کہا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار، گہرے برادرانہ مراسم ہیں انہوں نے کرونا وبا کے دوران بحرین حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا جن کی بدولت بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کسی قسم تکلیف دہ صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا
وزیر خارجہ نے کرونا وبا کی مشکل گھڑی میں، وزارت داخلہ بحرین کی جانب سے ویزہ ایمنسٹی سکیم، جرمانوں میں چھوٹ، ملزمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی
بحرینی وزیر داخلہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی جس پر وزیر خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط دفاعی و سیکورٹی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے معاونت کا باعث قرار دیا ، بحرینی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے لانے کا عندیہ دیا۔