پاکستان اور افغانستان کے مابین مربوط معیشت ہونی چاہئے، ڈاکٹر معید یوسف


اسلام آباد :معاون خصوصی قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے پاک افغانستان دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں افغانستان میں امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے تحت افغان وفد اسلام آباد پہنچا۔ڈاکٹر معید نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان مشترکہ مفادات رکھتے ہیں۔پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دونوں ممالک کے لئے معاشی خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ڈاکٹر معید کا کہنا تھا کہ پاکستان،افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے اس یقین کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں تنازعات کا حل عسکری نہیں ہے۔انہوں نے ذکر کیا کہ پاکستان اقتصادی سلامتی پر کام کر رہا ہے جو تین حصوں- رابطہ ، ترقی کی شراکت داری ، اور خطے میں امن-پر مشتمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن وسطی ایشیا کے ساتھ رابطے کے لئے بہت ضروری ہے ، جس کے باعث پاکستان اور افغانستان خوشحال ہوں گے۔انہوں نےمستحکم اقتصادی تعلقات ,ویزا سہولیات ، تجارت ، اور کرم اور چترال میں دو بارڈر مارکیٹیں اور افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔افغان وفد نے افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطوں میں مزید پیشرفت کے لئے امید کا اظہار کیا گیا۔