پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے آفس میں ٹھیکیداروں کا ہنگامہ، گورنمنٹ کنٹریکٹرز کا ردعمل

ڈیرہ اسماعیل خان: کیپ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن
( رجسٹرڈ) کے صدر سردار حزب اللہ خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ کیب کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن حکومتی احکامات کے مطابق معیاری کام کرنے پر یقین رکھتی ہے، گزشتہ روز محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیرہ کے افسران و اہلکاران کے ساتھ چند مسترد شدہ و بلیک لسٹ ٹھیکیداروں نے جو گالم گلوچ اور غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا ان کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، مذکورہ افراد کی جانب سے پریس کانفرنس میں جو الزمات لگائے گئے وہ سراسر بے بنیاد ہیں ان چند لوگوں کی کوئی یونین نہیں ہے اور انہوں نے جو طریقہ کار اپنایا وہ بالکل درست نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپ کنٹریکٹر زایسوسی ایشن( رجسٹرڈ) کے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کیپ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن( رجسٹرڈ) کے جائنٹ سیکرٹری کاشف شامان، جنرل سیکرٹری پیر اسحاق زکوڑی، نائب صدر نوید زیب ،فنانس سیکرٹری صلاح الدین مروت، نائب صدر عظمت بلوچ اور نثار خان وزیر سمیت کثیر تعدادمیں گورنمنٹ کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے ”ٹو ان ویلپ کوالیفیکیشن”کے عمل کے دوران صاف شفاف انداز میں عملدرآمد کیا گیا جس میں 60ٹھیکیداروں نے حصہ لیا جن میں سے56ٹھیکیدار تکنیکی بنیاد پر فیل ہوئے جبکہ صرف چار ٹھیکیدار حکومتی مروجہ قوانین کے مطابق کامیاب قرار پائے لیکن اس عمل کی مخالفت میں احتجاج کرنے والے صرف چار ٹھیکیدار تھے اور 52 ٹھیکیدار وں نے محکمانہ فیصلے کو تسلیم کیا اوران لوگوں کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذکورہ ٹھیکیداروں کے ساتھ اگر کوئی زیادتی ہوئی ہے تو گالم گلوچ کی بجائے افہام وتفہیم سے مسائل کو حل کیا جاسکتا تھا، انہیں چاہئے تھا کہ وہ یونین سے رابطہ کرتے ہماری کسی سے مخالت نہیں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، تمام ٹھیکیدار ایک برادری کا حصہ ہیں، مل بیٹھ کر تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔