ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور مضافات میں طوفانی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب، رمک میں مکڑ ڈرین ٹوٹنے سے متعدد دیہات ڈوب گئے گھروں میں پانی داخل ہونے سے درجنوں کچے مکان زمین بوس، چشمہ شوگر ملزII میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاعات، مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم، ضلعی انتظامیہ سے ہنگامی صورتحال کے نفاذ کے اعلان کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان اور مضافات میں طوفانی بارشوں سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔ ڈیرہ شہر میں نکاسی آب کے ابتر نظام کے باعث شہر کے چاروں بازاروں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جو کئی گھنٹوں تک نہ نکل سکا تھا۔ گھروں اور دکانوں میں بارش اور نکاسی آب کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے کے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ادھر تحصیل پروآ کے علاقہ رمک میں مکڑ ڈرین ٹوٹنے سے سیلابی پانی انڈس ہائی وے سے ملحقہ گاؤں جھوک مسو (جھوک تلکن)اور چاندنہ غربی کے گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث گھروں اور کھیتوں میں پانی بھر جانے کے باعث درجنوں کچے مکانات زمیں بوس ہوگئے، مقامی ذرائع کے مطابق چونکہ پانی کچہ کے علاقہ کی طرف جا رہاہے اس صورحال میں گاؤں سموکھے والی اور بستی شیخاں والی سیلابی پانی کی زد میں آ سکتے ہیں جبکہ سیلابی ریلے کے انڈس ہائی وے پر چشمہ شوگر ملزII میں بھی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔شدید بارش اور سیلابی ریلوں سے ڈیرہ شہر اور مضافات میں مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے ہنگامی صورتحال کے نفاذ کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔