ملک بھر کی طرح ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف جلوس نکالے گئے جو کہ مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر اختتام پذیر ہوئے۔ اسی سلسلے میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نکالے جانے والا مرکزی جلوس بھی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ مرکزی جلوس کا آغاز تاج مسجد سے کیا گیا جو کہ مختلف راستوں سے ہوتا ہوا میلاد پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں اہل سنت کے علماء و اکابرین، اہل سنت کے صدر سیدنزاکت علی شاہ، نائب صدر و ممبر امن کمیٹی صاحبزادہ عابد فاروقی، مولانا حسن نظامی، منتظمین، عوامی نمائندوں، تاجران، معززین علاقہ، میڈیا کے نمائندوں، سرکاری محکموں کے افسران اور کثیر تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کی اس دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سے نعرے لگائے اور فضا “سرکار کی آمد مرحبا”اور “لبیک یا رسول اللہ “کی صداؤں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر نعت خوانوں نے جلوس کے دوران حدیہ نعت پیش کیا جبکہ مقررین نے سیرت النبیﷺ اور حضور ﷺ کی شان اقدس اور اس دن کی اہمیت کے حوالے سے اپنے اپنے بیان کے دوران حضور پاک ﷺ کی زندگی پر روشنی ڈالی.