ڈیرہ اسماعیل خان: 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے معروف تعلیمی ادارے بیکن ہائوس سے منسلک ”کنکورڈیا کالج ”سعید احمد اختر کیمپس ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب کا اہتما م کیا گیا جس میں سکول کے طلباء و طالبات اور سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام رکھے تھے۔ تقریب میں طلباء و طالبات نے ملی نغمے اور ترانوں سمیت ٹیبلوز پیش کرکے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ”کنکورڈیا کالج ”سعید احمد اختر کیمپس ڈیرہ کی ڈائریکٹر مسز ندا فیصل نے کہا کہ آج کے دن کا مقصد ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو دھول چٹاتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ آج پوری قوم پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور عہد کرتی ہے کہ جب بھی ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی کی ضرورت ہوئی تو ہم اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔