موٹر سائیکل سوار شہری سے 3 لاکھ لوٹ کر فرار

موٹر سائیکل سوار شہری سے 3 لاکھ لوٹ کر فرار
ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ کینٹ کی اسلامیہ کالونی میں سر شام راہزنی کی واردات، مسلح نقاب پوش موٹر سائیکل سوار شہری سے 3 لاکھ 70 ہزار روپے کی نقدی اور دیگر کاغذات چھین کر فرار ہوگیا، پولیس نے متاثرہ شہری کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کیخلاف رپورٹ درج کرلی، تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹریڈرز کا مالک اور معروف کاروباری شخصیت طارق سلیم پراچہ اپنی دوکان بند کرکے نماز عصر کے بعد گھر جارہا تھا کہ اسلامیہ کالونی میں اس کے گھر سے کچھ دور نقاب پوش مسلح موٹر سائیکل سوار نے نقدی اور کاروباری کھاتا جات کا تھیلہ زبردستی اسلحہ کی نوک پر چھین لیا اور فرار ہوگیا، متاثرہ شہری طارق سلیم پراچہ کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح لمبے بالوں والا تھا جس نے سر پر ٹوپی اور منہ پر ماسک لگایا ہوا تھا، پستول کے زور پر مجھ سے رقم کا تھیلہ جس میں 3 لاکھ 70 ہزار روپے کی نقدی اور کاروباری کھاتا جات تھے چھین کر فرار ہوگیا۔ تھانہ کینٹ پولیس نے متاثرہ شہری کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کیخلاف رپورٹ درج کرکے واقعی کی تفتیش شروع کردی ہے۔