خیبر پختونخوا محکمہ زراعت کے افسران کی ملی بھگت سے اربوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری زرعی اراضی پر قبضہ مافیا کا راج

فارم کالونی ڈیرہ کے قریب محکمہ زراعت کے افسران کی ملی بھگت سے اربوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری زرعی اراضی پر قبضہ مافیا نے اپنے پنجے گاڑھ لیے ،اراضی میں سے لاکھوں روپے مالیت کی مٹی نکال فروخت کر دینے کا انکشاف، قیمتی سرکاری اراضی گہرے گڑھوں میں تبدیل ،برسات کے موسم میں قریبی آبادی میں پانی داخل ہونے کا شدید خدشہ ،اہلیان علاقہ کا شدید احتجاج ، وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،صوبائی وزیر زراعت ،نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران سے فوری نوٹس لینے اور ملوث قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ رتہ کلاچی ڈیرہ فارم کالونی ڈیرہ کے قریب ایگری کلچر ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ کی اربوں روپے مالیت کی ایک سو کنال سے زائد سرکاری زرعی اراضی موجود ہے جس پر محکمہ زراعت کے افسران کی ملی بھگت سے قبضہ مافیا نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں ،محکمہ زراعت افسران کی ملی بھگت سے پرائیویٹ افراد کے ذریعے ڈیری فارم کالونی کی غربی دیوار کو توڑ کر مذکورہ قیمتی سرکاری اراضی سے ٹریکٹروں کے ذریعے مٹی اٹھا کر اسے فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف ڈیری کالونی کی سڑک ،اس کے دوسرے گیٹ اور دیوار کو نقصان پہنچایا گیا بلکہ اب تک مٹی فروخت کر کے کروڑوں روپے کما کر اربوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری زرعی اراضی کو کئی کئی فٹ گہرے گڑھوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے،اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ ان گہرے گڑھوں میں برساتی پانی بھر جانے سے قریبی آباد میں پانی داخل ہو کر ان کی قیمتی املاک کو نقصان پہنچنے کے علاوہ انہیں جانی نقصان کا بھی خطرہ ہے۔ اہلیان علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخو محمود خان ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ،صوبائی وزیر زراعت ،نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل سے نوٹس لینے اور ملوث قبضہ مافیا کے خلاف فوری سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے.