ڈیرہ اسماعیل خان: کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان نے حکومت کی جانب سے مفت آٹا تقسیم کے عمل کے دوران تحصیل کلاچی اور تحصیل درازندہ میں آٹے کے ٹرک لوٹنے اور بدنظمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس اپنے دفتر میں طلب کر لیا ‘ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد ، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اور ٹانک اور اسسٹنٹ کمشنرز شریک تھے جبکہ اجلاس میں سیکرٹری ٹو کمشنر محمد عدنان اور ان کے پرسنل سیکرٹری سجاد بلوچ بھی موجود تھے ‘ اجلاس میں حکومت کی طرف سے مفت آٹا تقسیم کے عمل کے دوران کلاچی اور درازندہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام اور آئندہ کیلئے عوام کو مفت آٹا تقسیم کے دوران کسی قسم کی کوئی تکلیف پیش نہ آنے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ‘ اور فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان 29 مارچ بروز بدھ سے مفت آٹا تقسیم کے سیلز پوائنٹس پر خود جائینگے ‘اور تقسیم کے عمل کا جائزہ لینگے ‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مفت آٹا تقسیم کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ غریب و نادار افراد عزت مندانہ طریقے سے مفت آٹا حاصل کر سکیں ‘ مفت آٹا فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اس کارخیر کے دوران حکومتی املاک کو نقصان نہ ہو۔