ڈیجی میپ کا کرم میں صحافی جنان حسین کی شہادت پر اظہار افسوس

اسلام آباد: حکومت میڈیا سے منسلک افراد کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ، سبوخ سید
گزشتہ روز پشاور سے پارا چنار جانے والی مسافر گاڑیوں پر حملے میں درجنوں افراد کی شہادت ہوئی ۔ جن میں پاراچنار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اور نجی ٹی وی کے رپورٹر جنان حسین بھی شامل تھے ۔
ڈیجیٹل میڈیا الائنس پاکستان نے اس سفاکانہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہم اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، اور سانحہ میں مارے جانے والے تمام افراد اور بالخصوص صحافی جنان حسین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں ۔
صدر ڈیجی میپ سبوخ سید نے کہا پاکستان میں انسانی جانیں اور بالخصوص صحافی آسان ہدف بن چکے ہیں ۔جس کے نتیجے میں صحافیوں کیلئے اپنے فرائض کی انجام دہی ہر گزرتے دن کےساتھ مشکل تر ہو رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا جہاں صحافیوں کی جان کو خطرہ ہے وہیں ان کیلئے انصاف کی فراہمی بھی ناممکن ہوچکی ہے ۔
جبکہ جنرل سیکرٹری عدنان عامر نے جنان حسین کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا اس واقعہ سے صحافیوں کیلئے قبائلی علاقوں میں درپیش خطرات کی نشاندہی ہوتی ہے ۔
اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ ان علاقوں میں صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور شہریوں کیلئے سفر اور ان کے تحفظ کے حق کی فراہمی یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا صحافی برادری جنان حسین کی صحافت کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔