ڈیرہ اسماعیل خان: بنوں روڈ رتہ کلاچی میں واقع پولیس ٹریننگ سکول پر فتنہ الخوارج کا حملہ 6 دہشت گرد ہلاک اور پولیس کے سات اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رتہ کلاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع پولیس ٹریننگ سکول پر فتنہ الخوارج نے بارود سے بھرا ٹرک پولیس ٹریننگ سنٹر کے گیٹ سے ٹکرا دیا جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور ٹریننگ سنٹر کی دیوار گر گئی اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ اس کے بعد دہشت گردوں نے مختلف یونیفارمز میں ملبوس ہوکر سکول میں داخل ہوکر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کیا۔
سیکیورٹی پر مامور جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی جبکہ ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور نے موقع پر بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ کر آپریشن کی قیادت کی اور پانچ گھنٹے کے طویل مقابلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔اس آپریشن میں البرق ڈویژن کے ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی حصہ لیا اور فتنہ الخوارج کی سرکوبی کے ساتھ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
اس حملے میں 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ٹریننگ سکول میں موجود تقریباً 200 افراد (زیر تربیت ریکروٹس، اساتذہ اور سٹاف) کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور پیشہ ورانہ حکمت عملی سے علاقے کا محاصرہ کیا۔ آر پی او سید اشفاق انور نے بھی فرنٹ لائن پر جوانوں کے ساتھ موجود رہ کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے مل کر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور پانچ گھنٹے کے آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعلی علی امین گنڈا پور اس حملے سے چند ہی لمحے قبل بنوں روڈ سے ایک بڑے استقبالیہ قافلے کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ کی جانب گزرے تھے جس کے بعد یہ دہشت گردی کا واقعہ رونما ہوا۔
