سینئر صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے مطیع اللہ جان کے خلاف جعلی مقدمے کی شدید مذمت

اسلام آباد : ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف پاکستان (DigiMAP) نے سینئر صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ مل کر سینئر تحقیقاتی صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف منشیات اسمگلنگ کے جھوٹے اور من گھڑت مقدمے کی شدید مذمت کی ہے اور اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

مشترکہ بیان میں سینئر صحافیوں اور کارکنوں نے کہا کہ یہ مقدمہ پاکستان کے ایک جری اور حق گو صحافی کو خاموش کرانے کی منظم کوشش ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 28 نومبر 2024 کو پی آئی ایم ایس اسپتال اسلام آباد کی پارکنگ سے مطیع اللہ جان کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا اور غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا، جو کہ میڈیا کی آزادی کو دبانے اور تفتیشی صحافت کو روکنے کی واضح مثال ہے۔

بیان میں کہا گیا:

“ہم سخت تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ تقریباً ایک سال گزرنے کے باوجود اسلام آباد پولیس اس بے بنیاد مقدمے کو ختم کرنے کے بجائے اس پر ڈٹی ہوئی ہے۔ یہ الزامات سراسر جھوٹے اور من گھڑت ہیں، جنہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔”

دستخط کنندگان میں **حسین نقوی، زاہد حسین، فرحت اللہ بابر، مستنصر جاوید، انور اقبال، علی احمد خان، مظہر عباس، عامر وسیم، سبوخ سید، ڈاکٹر نذیر محمود، ڈاکٹر توصیف احمد خان، ناصر زیدی، اسمت اللہ نیازی، شہزادہ ذوالفقار، منیزے جہانگیر، سہیل سانگی، ناصر ملک، عدنان رحمت، اقبال خٹک، جی این مغل، وارث رضا، حبیب خان غوری، فوزیہ شاہد، لالہ اسد، لالہ رحمان، سلیم شاہد، ایوب جان سرہندی، شفیق اعوان، عبد الستار، محمد ریاض، اعزاز سید، ایوب ملک اور ڈاکٹر شفقات منیر شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مطیع اللہ جان 24 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں ڈی چوک کے قریب پی ٹی آئی مظاہرین پر پولیس فائرنگ کی تحقیقات کر رہے تھے جب انہیں اغوا کیا گیا۔ ایف آئی آر رات 2 بج کر 30 منٹ پر درج کی گئی، حالانکہ اغوا کا واقعہ 11 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جو اس مقدمے کی ساکھ اور نیت دونوں پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

“ایف آئی آر کا اس قدر تیزی سے اندراج، جو عام طور پر پولیس کے طریقہ کار میں شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتا ہے، اس بات کو مضبوط بناتا ہے کہ یہ مقدمہ سیاسی مقاصد کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ تنقیدی صحافت کو دبایا جا سکے۔”

یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ مطیع اللہ جان کے اغوا کاروں نے نہ کوئی مطالبہ کیا، نہ ان کا ڈیٹا یا نوٹسز لیے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائی صرف انہیں خوفزدہ کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کی گئی۔

سبوخ سید، صدر ڈیجی میپ کا بیان

“مطیع اللہ جان کے خلاف مقدمہ پاکستان میں آزاد صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے دباؤ اور دھمکیوں کے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ ایسے جھوٹے الزامات میڈیا کی آزادی پر براہِ راست حملہ ہیں اور تفتیشی صحافت کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں،” سبوخ
سید، صدر DigiMAP نے کہا۔

“ہم وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور جھوٹے مقدمے کو فوری طور پر خارج کرنے کے احکامات جاری کریں۔ صحافیوں کو خوف اور دباؤ کے بغیر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔”

انہوں نے مزید کہا، “صحافیوں کا تحفظ صرف ایک پیشہ ورانہ معاملہ نہیں، بلکہ یہ جمہوریت، جوابدہی اور عوام کے جاننے کے حق کا امتحان ہے۔”

ڈیجی میپ نے میڈیا کی آزادی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافیوں کے تحفظ، عزت اور آزادی کو یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں