ڈیرہ اسماعیل خان : سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سردار علی امین گنڈہ پور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے پیش بہا قربانیاں دی ہیں ، خیبرپختونخواہ پولیس پچھلے کئی دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے، ہم اپنی فورسز اور جانوں کیساتھ کھڑے ہیں ، ہم نے خیبرپختونخواہ پولیس کو جدید ساز و سامان فراہم کیا تاکہ ہماری پولیس دہشتگردی کیخلاف جنگ میں موثر انداز میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرسکے، ڈیرہ اسماعیل خان میں کرائم کے کنٹرول کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کا قیام ، ڈی پی او دفتر، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرسمیت دیگر تھانہ جات کی تعمیر سے جرائم پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ پولیس کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ محفوظ عمارات فراہم ہو نگی ،ان خیات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے دور اقتدار میں کثیر فنڈز سے قیام پاکستان کے وقت سے قائم ہونیوالی پولیس عمارات کو دوبارہ تعمیرات کرنے جن میں تھانہ جات تھانہ سٹی ، تھانہ کینٹ ،تھانہ ڈیرہ ٹائون، تھانہ گومل یونیورسٹی، تھانہ یارک ، تھانہ پہاڑپور، تھانہ شورکوٹ، ڈی پی او آفس ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ، پولیس سہولت مرکز، ٹریفک ہیڈکوارٹرشامل تھے کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا، اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور، کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک ، ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبدالناصر خان و دیگر موجود تھے، مرکزی افتتاحی تقریب اعجاز شہید پولیس لائن میں منعقد ہوئی ، آرپی او ڈیرہ سید اشفاق انور اور ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے سردار علی امین گنڈہ پور کو نئی تعمیرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور محکمہ پولیس کو فنڈز کی فراہمی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیااور کہا کہ پولیس کے پرانے انفراسٹرکچرکی وجہ سے پولیس جوانوں کی جانوں کو نقصان ہو رہاتھا لیکن خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی دلچسپی کی بدولت فنڈز کی فراہمی کے بعد نئے انفراسٹرکچر کے قیام سے یقینی طور پر پولیس موثر انداز میں دہشتگردی کا مقابلہ کر سکے گی ، سابق وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے خیبرپختونخواہ بری طرح متاثر ہورہاتھا، خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے انہوں نے 15ارب روپے کے کثیر فنڈز سے نئے تھانے اور نئی چیک پوسٹیں تعمیرکیں ، پولیس کو جدید گاڑیاں اور اسلحہ فراہم کیا، جب تک خطے میں امن نہیں ہوگا علاقہ ترقی نہیں کرے گا، انہوں نے کہاکہ ہماری پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق کام کررہی ہے، سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام سے یقینی طور پر جرائم پر قابو پایا جاسکے گا، ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو خراج تحسین پیش کرتاہوں کہ انہوں نے محنت کرکے علاقہ میں ہونیوالی بڑی بڑی ڈکیتیوں اور چوریوں کو ٹریس کیا، پولیس کے شہداء کی فیملیز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، خیبرپختونخواہ میں ہم نے بلا تفریق عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد محکمہ پراجیکٹس پر کام کیاہے، انشاء اللہ عوام تسلی رکھیں ، فلائی اوورز ، نکاسی آب کے منصوبے ، اور سڑکیں معیاری اور وقت مقررہ پر مکمل ہونگے، صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اسی طرح ناصرف ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ ٹانک ، وزیرستان اپر و لوئر اور قبائلی علاقہ جات میں بھی صحت کی مکمل سہولیات فراہم کی گئیں ہیں ۔
 
		 
                     
 
                                 
                                 
                                 
                                 
                                 
				 
				 
				