ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پنیالہ کی حدود میں وانڈہ بڈھ میں دہشت گردوں نے دوران آپریشن پولیس پر فائرنگ کردی، جس سے ایس ایچ او فہیم ممتاز سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔، شہداء میں کانسٹیبل توقیر، کانسٹیبل عرفان اور کانسٹیبل غلام سبحانی شامل ہیں جبکہ ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل محمد عدنان اور ڈرائیور محمد طارق زخمی ہو گئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا اور تمغہ امتیاز ڈی ایس پی پہاڑ پور محمد عدنان کو سی ایم ایچ ڈیرہ مزید چیک اپ کے لیے لے جایا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وانڈہ بڈھ میں دہشتگردوں کی فائرنگ میں ڈی ایس پی سمیت دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں پولیس پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے فرض کی راہ میں شہادت کا بلند رتبہ پایا، پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے پولیس کی قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہاڑ پور سرکل میں پچھلے کچھ عرصہ سے دہشتگردانہ کاروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اس سے قبل مسافر گاڑیوں کی لوٹ مار یا اغوائیگی کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں تاہم اب پولیس سمیت عوام کی ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوا جس کے بعد دہشتگردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرنے والی ٹیم کو تعینات کیا گیا اور اس کے بعد یہ واقعہ رونما ہوا ہے۔