ڈیرہ اسماعیل خان: کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ نے کہا ہے کہ تمام والدین کو چاہیے کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں رواں ماہ کی30تاریخ سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ، ڈپٹی کمشنر ٹانک کبیر آفریدی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹرائبل ڈسٹرکٹ ساؤتھ وزیرستان فہیداللہ، اسسٹنٹ ٹو کمشنر ریوینیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان، این سٹاپ آفیسرز، ٹیکنیکل سپورٹ آفیسر، ایل ایچ ڈبلیو کوارڈینیٹرز،پبلک ہیلتھ کوارڈینیٹرز، پولیو ایریڈیکیشن آفیسرز، محکمہ پولیس، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے بتایا کہ رواں سال ملک بھر میں 83پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے تقریباً پچاس فیصد خیبر پختونخوا سے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں رواں سال کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ ضلع ٹانک میں پانچ اور جنوبی وزیرستان سے 3کیسز رپورٹ ہوئے۔رواں ماہ کی 30تاریخ سے شروع ہونیوالی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ آگاہی مہم کیلئے ہجرہ سیشنز، مدرسہ جات سیشنز، بینرز، پمفلٹس، اعلانات بالخصوص جن یونین کونسلز میں ریفیوزل کیسز کی تعداد زیادہ ہے وہاں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔گزشتہ انسدا د پولیو مہم کے دوران 600سے زائد ریفیوزل کیسز کو قطرے پلانے پر قائل کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ ڈویژن نے کہا کہ گزشتہ مہم کے دوران اہداف کے حصول سمیت تینوں اضلاع بالخصوص جنوبی وزیرستان میں کارکردگی بہتر رہی جس کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز سمیت تمام سٹاف اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی قابل تحسین ہے مگر اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھا جائے۔ٹیموں کی بروقت ٹریننگ کی جائے اور ریفیوزل کیسز والی یونین کونسلز پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے گزشتہ مہم کے دوران سیکورٹی کے بہتر انتظامات ہونے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور محکمہ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مہم کیلئے بھی بروقت سیکورٹی پلان اور پھر اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں پر سٹاف کی کمی ہے اسے پورا کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنائیں تاکہ مہم میں حائل رکاوٹوں یا دشواریوں کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے تمام والدین سے بھی اپیل کی کہ 30نومبر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے تمام پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلا کر نہ صرف عمر بھر کی معذوری کا شکار ہونے سے بچائیں بلکہ ذمہ دار شہری ہونے کا بھی ثبوت دیں۔