ڈیرہ اسماعیل خان کے سکولوں میں داخلہ مہم کامیابی سے جاری ہے، شاہدہ پروین کنڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا اور ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے ضلع بھر کے زنانہ سکولوں میں داخلہ مہم کامیابی سے جاری ہے جس میں نہ صرف طالبات کے نئے داخلے کیے جا رہے ہیں بلکہ آوٹ آف سکول چلڈرن اور ان کے والدین کو بھی بچیوں کو سرکاری سکولز میں ایڈمیشن دلانے کی ترغیب دی جا رہی ہے اس ضمن میں بچیوں کو مفت درسی کتب سمیت صوبائی حکومت کی جانب سے وظائف اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) محترمہ شاہدہ پروین کنڈی نے دامان ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بورڈ کے امتحانی نتائج میں سرکاری سکولوں کی طالبات کے شاندار نتائج کی بدولت طالبات اور ان کے والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا اور معیاری تعلیم و تربیت سمیت بنیادی سہولیات سے آراستہ کشادہ کلاس رومز اور عمدہ سکول عمارتیں بھی بچیوں کی دلچسپی کا باعث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے بھرپور تعاون سے ہمارے سرکاری سکولز میں داخلہ مہم کامیابی سے جاری ہے اور بچیوں اور والدین کے سرکاری سکولوں کی طرف رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو ہماری معیاری تعلیم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جس کی فراہمی کے لیے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہا ہے اور سرکاری سکولز میں حالیہ داخلہ مہم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچیوں کو سرکاری سکولوں میں داخلہ کرنا اور انہیں زیور علم سے آراستہ کرنا ہے اور اس کے لیے ضلعی سطح سمیت تحصیل لیول پر بھی متعلقہ سکولز آفیسرز اور ٹیچنگ عملہ اپنی انتھک کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔