ڈیرہ اسماعیل خان : پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظام ڈیرہ اسماعیل خان میں فعال دینار کینسر ہسپتال میں بریسٹ کینسر سے آگاہی اور مذکورہ ہسپتال سے شفایاب ہونے والے افراد کے تاثرات کو عوام تک پہنچانے کی غرض سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں دینار ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ جاوید کی تحریر کردہ کتاب ”آئو لوٹ چلیں زندگی کی طرف ”کی تقریب رونمائی بھی عمل میں لائی گئی۔ دینار کینسر ہسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقدہ اس سمینار کے مہمانان خصوصی وہی افراد تھے جنہوں نے دینار ہسپتال سے کینسر کے مرض کا کامیاب علاج کروایا اور اب وہ ایک صحتمند زندگی گزار رہے ہیں۔ سمینار میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات، وکلا، سوشل ورکرز اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دینار ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ جاوید نے ہسپتال کی ایک سالہ کاردگی پیش کی جبکہ اس موقع پر ہسپتال سے شفایاب ہونے والے افراد کے ساتھ ساتھ زیر علاج مریضوں نے بھی شرکا کے سامنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ ان افراد نے دینار ہسپتال کو ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے گرد و نواح کے اضلاع کے لئے ایک نعمت قرار دیا جو کینسر جسے مہلک اور علاج کے لحاظ سے انتہائی مہنگے مرض سے نبردآزما مریضوں کو صحت یاب بنانے میں بے مثال کردار ادا کررہا ہے۔شفایا ب اور زیر علاج مرد وخواتین نے دینار ہسپتال کے نظام، انتظامیہ، صفائی ستھرائی اور عملہ کے حسن اخلاق کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نبیلہ جاوید کی کتاب آو لوٹ چلیں زندگی کی طرف جس میں کہ دینار ہسپتال سے مستفید ہونے والے مرد و خواتین کے تاثرات کو تحریری شکل دی گئی ہے، کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔ مذکورہ کتاب کے حوالے سے معروف کالم نگار، ادیب اور سماجی کارکن عنایت عادل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے خوف، محبت ہے کے نام سے اپنا مکالہ پیش کیا جس میں کینسر کے مریضوں کو دینار ہسپتال جیسے شفا خانوں کی صورت میں زندگی کی امید کی موجودگی کو موضوع بنایا گیا تھا۔ آخر میں دینار ہسپتال کے عملہ میں تعریفی اسناد جبکہ مہمانان اعزاز کی خدمت میں خصوصی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ شرکا ء نے آگاہی سیمینار کو مفید قرار دیتے ہوئے اس قسم کے پروگرامات کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔