محرم الحرام کے حوالے سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی پولیس کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان: چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور کا محرم الحرام کے حوالے سے دورہ ڈیرہ ، ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصرمحمودستی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے محرم الحرام کے حوالے سے پولیس لائنز ڈیرہ میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس کمانڈاینڈ کنٹرول روم کا دورہ بھی کیاجہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں محرم کے حوالے سے اُٹھائے گئے پولیس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آر پی او ڈیرہ ناصرمحمودستی نے محرم کی سیکیورٹی کے حوالے سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کمانڈاینڈ کنٹرول روم میں شہر سے نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے جدید طرز پراُٹھائے گئے پولیس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محرم کی سکیورٹی کے حوالے سے ڈیرہ پولیس کی کاوشوں کی تعریف کی۔بعد میں چیف سیکرٹری اورا نسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ میں اہل سنت و اہل تشیع علمأِ کرام و اَکابرین اور امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری عابد مجید، ریجنل پولیس آفیسر ناصرمحمودستی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد،ڈی پی او ڈیرہ ناصر محمود سمیت دیگر اکابرین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آر پی او ڈیرہ ناصرمحمودستّی نے چیف سیکرٹری او ر آئی جی پی کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے میں ہم نے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرنا ہے اور بھائی چارے، اخوت اور یکجہتی سے رہنا ہے۔انہوں نے علماء کرام کی معاہدوں کی پاسداری کو اور امن و امان کے قیام میں ان کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو درپیش مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات نے کہا کہ محرم الحرام نہایت ہی قابل احترام مہینہ ہے۔ یہ مہینہ ہمیں صبر، ہمت اور برداشت کا درس دیتا ہے۔ عوام کے جان و مال اور قومی املاک کا تحفظ خیبر پختونخوا پولیس کا فرض ہے اور ہم یہ فریضہ بطریقِ احسن ادا کرکے انشأاللّٰہ محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء قائم کریں گے۔ انہوں نے اہل سنت و اہل تشیع کے مشران سمیت عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ دوطرفہ تعاون سے امن قائم کریں۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و اکابرین امن کے خواہاں ہیں اور علاقے کا امن پہلی ترجیح ہے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ اس موقع پر تمام علماء کرام و اَکابرین نے کہا کہ ڈیرہ میں کوئی شیعہ و سنی مسئلہ نہیں ہے ہم ایک ہیں، ملک دشمن عناصر پاکستان کی بنیادوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کے ناپاک عزائم کو باہمی اتحاد سے خاک میں ملائیں گے۔