دامان ٹی وی کی 8ویں سالگرہ، اسلامیہ سکول کی گرین بیلٹ پر شجرکاری، تقریب میں اہم شخصیات سمیت شجردوستوں کی شرکت

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے سب سے پہلے اور مقبول ترین رجسٹرڈ ڈیجیٹل میڈیا دامان ٹی وی کی آٹھویں سالگرہ پروقار تقریب کا انعقاد اسلامیہ سکول میں ہوا۔ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی داور خان کنڈی، تحصیل میئر عمر امین گنڈا پور، وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر شکیب اللہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فصیح اسحاق عباسی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر عاصم سعید، کنٹرولر ڈیرہ بورڈ ڈاکٹر قیصر انور، معروف آرٹسٹ عجب خان ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہ خان اور ڈی ایس پی چن شاہ سمیت ادباء، سکالرز، شجر دوست کمیونٹی اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض نصرت گنڈا پور نے ادا کیے۔ مہمانوں کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف دامان ٹی وی کے شجر دوست کردار کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دامان ٹی وی کی آٹھویں سالگرہ کو یادگار اور منفرد بنانے کے لیے اسلامیہ سکول سے متصل سرکلر روڈ کی گرین بیلٹ پر شجرکاری کی جا رہی ہے اور پانچ سال تک ان پودوں کی دیکھ بھال دامان ٹی وی انتظامیہ اٹھائے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر شکیب اللہ نے دامان ٹی وی کی سالگرہ پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے شجرکاری اور اس کے بعد پانچ سال تک پودوں کی دیکھ بھال کو منفرد اور بامقصد قرار دیا انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں شجرکاری کر دی جاتی ہے تاہم پودوں کی دیکجھ بھال نہیں کی جاتی لیکن دامان ٹی وی کے اس عمل سے شجرکاری کے ثمرات سے کماحقہ استفادہ کیا جا سکے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل میئر عمر امین گنڈا پور نے کہا کہ دامان ٹی وی طویل عرصے سے ڈیرہ کے ہر مسئلے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور شجرکاری مہم ایک بالکل منفرد اور ناگزیر عمل ہے جس کا سہرا دامان ٹی وی کو جاتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ دامان ٹی وی کے کام کا میں ہمیشہ سے معترف رہا ہوں اور ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں دامان ٹی وی اور شجردوست کو جس قدر ممکن ہوا ان کی معاونت کی جائے گی اور ڈیرہ کو سرسبز و شاداب بنانے میں تحصیل انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔ ممبر قومی اسمبلی داور خان کنڈی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دامان ٹی وی کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کسی بھی معاشرے میں سول سوسائٹی کی اہمیت مسلمہ ہوتی ہے اور علاقے کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کردار ڈھکا چھپا نہیں ہوتا انہوں نے شجردوست عمل کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ضروری قرار دیتے ہوئے معاشرے کی دیگر طبقات کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فصیح اسحاق عباسی نے دامان ٹی وی کی کوریج اور صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے وقت سے دامان ٹی وی کو دیکھ رہے ہیں اور ڈیرہ کے مسائل کو اجاگر کرنے میں دامان ٹی وی اپنا الگ مقام رکھتا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر عاصم سعید نے بتایا کہ شجردوست کے ساتھ مل کر انہوں نے سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم شروع کر رکھی ہے اور اسلامیہ سکول کی گرین بیلٹ کو اڈاپٹ کر شجرکاری کرنے کا عمل لائق تحسین ہے۔ شجردوست کمیونٹی کے سربراہ عامر سہیل سدوزئی نے شرکاء کو بتایا کہ شجردوست کی جانب سے شجرکاری مہم کے آغاز کے بعد دامان ٹی وی کے سی ای او حماد خلیل نے اسلامیہ سکول کی گرین بیلٹ کو گود لے کر اس پر شجرکاری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ سکول کا سٹوڈنٹ ہونے کے ناطے میں اپنے سکول کو تحفہ دینا چاہتا ہوں جس کے بعد اسلامیہ سکول کے پرنسپل قاری محمد عثمان سے بات چیت کے بعد آج شجرکاری کی جا رہی ہے۔ تقریب کے آخر میں معزز مہمانوں نے دامان ٹی وی کی آٹھویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور اسلامیہ سکول کی گرین بیلٹ پر پودے لگا کر معاشرے کے دیگر طبقات کو آگے بڑھ کر شجردوست کمیونٹی کے شانہ بشانہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف متحد ہو کر درخت لگانے کی اپیل کی تاکہ آنے والی نسلوں کو سرسبز و شاداب ماحول فراہم کیا جا سکے۔