تنوع اور اجتماعیت پر بہترین رپورٹنگ کرنے والے 5 ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں میں ایوارڈز کی تقسیم
پاکستان میں مذہبی اقلیتوں سے متعلق” میڈیا میں تنوع اور اجتماعیت ایوارڈز 2022″ کے تحت IRADA، DigiMAP اور WJAP کے مشترکہ تعاون سے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر DigiMAP کی دوسری سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹنے کی تقریب بھی منائی گئی۔ اس پراجیکٹ میں”ارادہ” “ڈیجی میپ” اور WJAP کے تعاون سے خواتین صحافیوں کے لیے سلسلہ وار ٹریننگ ورکشاپس کرائی گئیں جن کا عنوان پسماندگی سے نمٹنے میں ڈیجیٹل میڈیا سے جڑی خواتین صحافیوں کا کردار رہا۔ IRADA کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آفتاب عالم نے کہا کہ ان ٹریننگز کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا میں پسماندہ طبقات کے مسائل کو اجاگر کرنا تھا جن میں مذہبی اقلیتوں کی خواتین، انسانی حقوق، معذوری کے ساتھ افراد اور کیسے صحافیوں کو ان ایشوز پر رپورٹنگ کرنی چاہیئے اس بارے میں خواتین صحافیوں کو آگاہی دی گئی۔انہوں نے تقریب کے شرکاء کو اس پراجیکٹ کے اغراض و مقاصد اور اہمیت کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ IMP کے عدنان رحمت نے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے عوامی مفاد میں استعمال کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ DigiMAP کے تحت ڈیجیٹل میڈیا وہ کام سرانجام دے رہا ہے جو مین اسٹریم میڈیا کو کرنا چاہیے تھا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پلاننگ کمیشن پاکستان کے ممبر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ عوامی مفاد کی صحافت ہی حقیقی صحافت ہے اور اسی صحافت پر میڈیا کو فوکس کرنا چاہیے جس کے فروغ کے لیے کمیشن بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ اس سیشن کا مقصد مذہبی اقلیتوں سے متعلق رپورٹنگ کی کردار پاکستان میں جمہوریت، امن اور اجتماعیت کے لیے ناگزیر ہے۔ DigiMAP کے صدر سبوخ سید نے شرکاء کو ڈیجی میپ کی دو سالہ کارکردگی کے بارے آگاہ کیا۔