ڈیرہ اسماعیل خان:
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) ڈیرہ اسماعیل خان نے سرکاری سکولوں میں سرائیکی زبان کی تدریس کو لازمی قرار دیتے ہوئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ مراسلے کے مطابق جماعت ششم سے بارہویں تک سرائیکی یا علاقائی زبان کو نصاب کا باقاعدہ حصہ بنائے جانے کا کہتے ہوئے سکول سربراہان کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ سرائیکی نصاب کی تدریس کو یقینی بنائیں۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ جن سکولوں میں ان زبانوں کی تدریس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اسے غفلت اور نااہلی تصور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور ایس ڈی ای اوز کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔