الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی حد بندی (Delimitation) کے شیڈول کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی حد بندی (Delimitation) کے شیڈول کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے 24 اضلاع میں ویلج اور نیبرہوڈ کونسلز کی حد بندی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق حد بندی کا عمل جن اضلاع میں ہوگا ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، تورغر، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولئی پالس، سوات، بونیر، چترال لوئر، دیر لوئر اور دیر اپر شامل ہیں۔

شیڈول کے تحت انتظامی انتظامات کی تکمیل، نقشہ جات اور متعلقہ ڈیٹا کی فراہمی اور حد بندی کمیٹیوں و اتھارٹیز کی تربیت کا عمل 19 جنوری 2026 سے 2 فروری 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ ویلج اور نیبرہوڈ کونسلز کی ابتدائی فہرستوں کی تیاری 3 اور 4 فروری 2026 کو کی جائے گی، جبکہ ابتدائی فہرستوں کی اشاعت 5 اور 6 مارچ 2026 کو ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ابتدائی فہرستوں پر اعتراضات 6 مارچ سے 25 مارچ 2026 تک (عیدالفطر کی تعطیلات کے علاوہ) جمع کرائے جا سکیں گے۔ اعتراضات کے فیصلے 8 اپریل 2026 تک نمٹا دیے جائیں گے، جبکہ حد بندی اتھارٹیز کے فیصلوں کی حد بندی کمیٹیوں کو ترسیل کی آخری تاریخ 15 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ویلج اور نیبرہوڈ کونسلز کی حد بندی کی حتمی فہرستیں 20 اپریل 2026 کو نوٹیفائی کر دی جائیں گی۔ یہ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر جاری کیا گیا ہے اور اسے گزٹ آف پاکستان (غیر معمولی) میں شائع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں