خیبر پختونخوا کے عوام کا علی امین گنڈا پور کی حکومت پر عدم اطمینان کا اظہار

پشاور: 52 فیصد شہریوں نے سابق وزیراعلی محمود خان کی وزارت اعلی کو بہتر قرار دے دیا جبکہ علی امین گنڈاپور پر 37 فیصد شہریوں کا اعتماد
خیبرپختونخوا سے 47 فیصد شہریوں نے گیلپ پاکستان کے سروے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا مشورہ دے دیا۔
گیلپ پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 3ہزار شہریوں کی رائے پر مبنی نیاسروے جاری کردیا۔ سروے کے مطابق خیبرپختونخوا سے 47 فیصد شہریوں نےپی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا مشورہ دے دیا اور ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا البتہ 40 فیصد نے وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کی مخالفت کی۔
سروے میں 50 فیصد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے بہتر قرار دیا اور کارکردگی کو بہتر قرار دینے والوں میں پی ٹی آئی کے 37 فیصد ووٹرز بھی شامل نظرآئے جبکہ 39 فیصد نے علی امین کی کارکردگی کو مریم نواز سے بہتر کہا۔
سروے میں علی امین گنڈاپور کی کارکردگی کا سابق وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی سے بھی موازنہ کیاگیا، 52 فیصد نے اُن کی کارکردگی کو سابق وزیر اعلیٰ محمود خان سے بُری یا اُن جیسی کہا جبکہ 37 فیصد نے بہتر قرار دیا۔
سروے میں پی ٹی آئی کے 36 فیصد سپوٹررز بھی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہٹانے کی حمایت میں سامنے آئے البتہ پی ٹی آئی کے 53 فیصد ووٹرز نے وزیر اعلیٰ کا ساتھ دیا اور ہٹانے کی کھل کرمخالفت کی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو سروے میں 53فیصد نے صوبے میں کرپشن روکنے میں ناکامی جبکہ 49 فیصد نے روزگارکی عدم فراہمی کا ذمہ دار ٹھہرایا، اس کے برعکس 64فیصد نے صحت او ر صاف پانی کی فراہمی جبکہ 62 فیصد نے تعلیمی سہولیات کی دستیابی پر کارکردگی کو سراہا۔