گومل انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز ڈیرہ اسماعیل خان میں مطلوبہ ٹیچنگ اسٹاف نہ ہونے پر نئے داخلوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی نے سٹاف کے حوالے سے اعتراض اٹھاتے ہوئے مطلوبہ تعلیمی معیار پورا نہ ہونے کی وجہ سے گومل انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز پر پابندی عائد کرتے ہوئے فی الحال داخلے روکنے کا لیٹر جاری کر دیا ہے واضح رہے کہ گومل انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز ڈیرہ اسماعیل خان میں نرسنگ و مختلف ڈگری کورسز کے پروگرام شروع ہیں اور طلبا و طالبات نے ان پروگراموں میں داخلے لے رکھے ہیں جن میں .BSN .BSVS.BSHT DPT.BS.ECT شامل ہیں لیکن ہائیر ایجوکیشن نے انسٹیٹیوٹ میں قواعدو ضوابط کے تحت مطلوبہ سٹاف نہ ہونے پر گومل انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ میں داخلوں پر پابندی عائد کر دی ہے جس کیلئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کالج انتظامیہ کو دو ماہ کی مدت میں مطلوبہ معیار کے اسٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور مطلوبہ ٹیچنگ اسٹاف کی تعیناتی تک تمام ڈگری پروگرامز میں مزید داخلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔