ڈیرہ اسماعیل خان: مغوی سیشن جج جنوبی وزیرستان شاکر اللہ مروت بازیاب ہو گئے ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سیشن جج شاکر اللہ مروت کو اغواکاروں نے آزاد کر دیا ہے ان کی رہائی رات 12 بجکر 10 منٹ پر ممکن ہوئی اور وہ بحفاظت گھر پہنچ گئے ہیں۔
سیشن جج شاکر اللہ خان مروت کو دو روز قبل ٹانک سے ڈیرہ آتے ہوئے گرہ محبت کے قریب نامعلوم اغوا کاروں نے اغوا کر لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق شاکر اللہ خان مروت کو کلاچی کی طرف لے جایا گیا تھا اور
نامعلوم اغواء کار انکی گاڑی نذر آتش کر کے انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے تھے ۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا انہیں کس مقام سے بازیاب کرایا گیا ہے ۔ تاہم اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ انہیں بازیاب کرا لیا گیا ہے اور ان کی رہائی غیر مشروط طور پر ہوئی ہے دوسری جانب ان کا گزشتہ رات ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا تھا جس میں سیشن جج شاکر اللہ مروت نے اپنے اغواء کی بابت بتاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی طالبان نے انہیں اغوا کیا ہے۔ واضح رہے جج کے اغوا کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری آئی اور ہوم سیکرٹری کو طلب کیا تھا جبکہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے بھی آئی جی پولیس کو جج کی فوری بازیابی کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔