ڈیرہ بورڈ نتائج میں تبدیلی اور نمبروں میں اضافہ پر انکوائری

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان تعلیمی بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری کی طرف سے میٹرک اور F.Sc کے نتائج میں تبدیلیوں اور نمبروں میں اضافہ پر انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ 28 نومبر کو ڈیرہ بورڈ میں پشاور سے انکوائری کمیٹی نتائج کی جانچ پڑتال کرے گی۔ واضح رہے کہ ایف ایس سی کے رزلٹ میں تبدیلیاں اور درجنوں امیدواروں کے نمبروں میں اضافہ کی شکایات سامنے آئی ہیں جس سے میڈیکل کے اکثر طلبہ کا میرٹ متاثر ہوا ہے ایسے طلبہ اور ان کے والدین کی شکایات پر محکمہ تعلیم نے اقدام اٹھاتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جسے طلبہ اور والدین کی طرف سے سراہا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ڈیرہ بورڈ نے میٹرک اور ایف اے کے نتائج ڈیرہ بورڈ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیئے ہیں انکوائری کمیٹی سے امیدواروں اور والدین کی جانب سے یہ مطالبہ بھی سامنے آ رہا ہے کہ 3 ستمبر کو جاری کیے گئے بورڈ کے نتائج اور موجودہ نتائج میں کتنا فرق سامنے آیا ہے اور کتنے طلبہ جو پہلے فیل قرار دیئے گئے تھے اور اب انہیں پاس کیا گیا ہے ایسے تمام طلبہ کے نتائج عوام کے سامنے پیش کیے جائیں تاکہ میرٹ کو پامال کرنے والوں اور بورڈ کے نتائج میں تبدیلی کر کے لاکھوں اور کروڑوں کمانے والوں کا تعین کیا جا سکے اور ان کے خلاف قانون کارروائی ہو۔

اپنا تبصرہ لکھیں