کے پی حکومت کا رمضان پیکج کے 13 ارب روپے پی ٹی آئی کارکنان میں بانٹنے کا منصوبہ

خیبر پختونخوا حکومت رمضان پیکیج کے تحت اپنے ہی کارکنوں کو 13 ارب روپے بانٹنے کی تیاریاں کر چکی ہے اس سلسلے میں ارکان کو مقررہ کوٹہ دے دیا گیا ہے۔ ارکان دو دو ہزار افراد کے نام تجویز کریں گے۔ اس کے علاوہ ہر تحصیل چیئرمین کو بھی دو دو سو افراد کی فہرستیں دینے کا کہا گیا ہے۔
اس پیکج کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صرف منتخب نمائندے ہی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے ہارے ہوئے امیدواروں کو بھی وہی کوٹہ دیا گیا ہے جو جیتنے والوں کے پاس ہے۔
تحریک انصاف کے عہدیداروں سمیت وکیلوں کی تنظیم انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف)، طلبہ ونگ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو بھی یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اپنے تجویز کردہ ناموں پر امداد دلوا سکیں۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلی میں موجود اپوزیشن اراکین کو اس رمضان پیکج سے مکمل طور پر باہر رکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ تاثر عام ہو رہا ہے کہ سرکاری خزانے سے دی جانے والی یہ امداد صرف مخصوص سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد تک ہی پہنچ سکے گی اس سے قبل بھی علی امین گنڈا پور کی وزارت اعلی کے دوران یہی عمل شروع کیا گیا تھا جس سے غریبوں کے نام پر جاری یہ منصوبہ امراء اور سفارشی سیاسی ساتھیوں کی نذر کر دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں